احمد ایک بہت ہی پیارا لڑکا تھا وہ بڑوں کا کہنا مانتا اور ان کا ادب کرتا اور اپنے چھوٹے بھائی بہنوں سے بہت محبت کرتا تھا۔ احمد کے امی ابو اس ...
احمد ایک بہت ہی پیارا لڑکا تھا وہ بڑوں کا کہنا مانتا اور ان کا ادب کرتا اور اپنے چھوٹے بھائی بہنوں سے بہت محبت کرتا تھا۔
احمد کے امی ابو اس سے بہت خوش تھے کیونکہ احمد ہر وقت ان کی خدمت کے لیے تیار رہتا۔ جب بھی امی جا ابو اس کو کسی کام کا کہتے، احمد سارے کاموں کو چھوڑ کر ان کے بتائے ہوئے کام کو پورا کرتا۔
ایک مرتبہ احمد کی امی بیمار ہو گئی۔ وہ بستر پر لیٹی ہوئی تھی۔ انجوں نے احمد کو بلایا " بیٹا احمد" احمد نے ادب سے کہا " جی امی" اور اپنی امی کے پاس آکر ان کا ہاتھ چوما۔
امی نے کہا بیٹا گھر میں دودھ ختم ہوگیا ہے اور مجھے دودھ پینا ہے۔ تم ذرا جلدی سے دودھ لے آؤ۔ احمد نے امی سے پیسے لئیے اور گھر سے نکلتے ہوئے یہ دعا پڑھی "بسم اللہ توکلت علی اللہ ولا حول ولا قوہ آلا باللہ" اور جلدی سے دودھ کی دکان پر پہنچا۔ وہاں سے دودھ خریدا اور گھر واپس آیا۔ پھر آ کر احمد نے دودھ گرم کیا اور ایک گلاس میں بھر کر امی کو دودھ دینے کے لئے امی کے پاس آیا۔ اس نے دیکھا کہ امی تو سو چکی ہیں۔
احمد نے دل ہی دل میں سوچا کہ امی بیمار ہیں۔ ان کو جگانہ اچھی بات نہیں۔ لیکن اس کے ننھے سے دل میں یہ خیال آیا کہ اگر امی جاگ گئیں اور ان کو دودھ کی ضرورت پڑی تو ان کو تکلیف ہوگی۔ یہ خیال آتے ہی اس نے فیصلہ کیا کہ وہ دودھ لے کر امی کے پاس ہی بیٹھا رہے گا کہ اگر امی جاگ جائیں تو وہ ان کو دودھ پیش کر سکے۔
وہ کافی دیر تک بیٹھا رہا یہاں تک کہ امی جاگ گئیں۔
مزید پڑھیں: خدا دیکھ رہا ہے
امی نے احمد کو اپنے پاس بیٹھے دیکھا تو کہا "بیٹا تم یہاں کیا کر رہے ہو؟" احمد نے کہا کہ میری امی جان آپ نے مجھے دودھ لینے بھیجا تھا. میں دودھ لے کر آیا تو آپ سو چکی تھیں۔ میں نے آپ کو جگانا مناسب نہیں سمجھا اور بغیر آپ کو دودھ پلائے یہاں سے جانا بھی مجھے اچھا نہیں لگا۔ اس لئیے میں یہی بیٹھا رہا تا کہ آپ جب جاگ جائیں تو آپ کو یہ دودھ سے بھرا ہوا گلاس دے سکوں۔
احمد کی امی احمد کی اس بات کو سن کر بے حد خوش ہوئیں اور احمد کو بہت زیادہ دعائیں دیں اور دودھ کی دعا پڑھ کر دودھ پی لیا۔ " اللم بارک لنا فیہ وزدنا منہ"
دوستو! ہم بھی اس بات کی کوشش کریں کہ ہم امی ابو کی بات مانیں اور اُن کے کاموں میں ان کی مدد کریں تا کہ ہمارے امی ابو بھی خوش ہو کر ہمیں دعائیں دیں۔
تبصرے